نئی دہلی، 3/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال پر سیال مادہ پھینکنے کے واقعہ پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ یہ واقعہ مالویہ نگر میں ایک ’پدیاترا‘ کے دوران پیش آیا، جب کیجریوال پر کسی شخص نے مائع مادہ پھینک کر حملہ کیا۔ پولیس ملزم سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ ملزم اشوک کمار جھا کے خلاف معاملہ درج کر لیا گیا ہے اور اس کی نشاندہی پر ایک تہائی سے پانی سے بھرے 500 ملی لیٹر کی بوتل ضبط کر لی ہے۔ پولیس افسر نے کہا کہ دیگر سیکوریٹی ایجنسیوں کے ساتھ الگ الگ ٹیمیں جانچ کر رہی ہیں اور ملزم سے مشترکہ طور پر پوچھ تاچھ جاری ہے۔
پولیس افسر نے کہا کہ مستقبل میں اس طرح کی حرکت دوہرانے سے روکنے کے لیے جھا کے خلاف بی این ایس کی دفعہ 126 (کسی کی آمد و رفت میں رکاوٹ پیدا کرنا) اور 169 (سنگین جرم کرنے کا منصوبہ) کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔
اشوک جھا پر الزام ہے کہ ہفتہ کو 'پد یاترا' کے دوران اس نے اروند کیجریوال پر کچھ سیال مادہ چھڑک دیا تھا۔ اس معاملے پر عآپ نے دعویٰ کیا کہ یہ اسپرٹ تھی اور حملہ آور کیجریوال کو آگ لگانا چاہتا تھا۔ پولیس نے کہا کہ عوامی تقریب کے دوران کیجریوال پر پانی پھینکا گیا تھا، جو ان کی اجازت کے بغیر منعقد کی گئی تھی۔
اس سلسلے میں دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی مارلینا نے ملزم کو بی جے پی کا کارکن بتایا تھا جس کی بی جے پی نے تردید کر دی تھی۔ عآپ نے اس واقعہ کے لیے مرکزی حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 35 دنوں میں کیجریوال پر یہ تیسرا حملہ ہے۔